کیا آپ مطالعہ کرتے ہیں؟
کہتے ہیں مطالعہ روح کی غذا ہے. جس طرح جسم کو اس کی غذا سے محروم کر دیا جائے تو اس پر ضعف واضمحلال طاری ہو جاتا ہے اسی طرح مطالعہ نہ کرنے سے روح انسانی مختلف قسم کے روحانی امراض میں مبتلا ہو جاتی ہے. ٹکنالوجی کے اس موجودہ دور میں جب کہ ہم مشینوں سے گھرے ہوئے ہیں اور ہماری زندگی کا زیادہ تر وقت موبائل، ٹیبلیٹ اور لیپ ٹاپ جیسی چیزوں پر صرف ہو رہا ہے حقیقت میں ہم مطالعے سے بہت دور ہو چکے ہیں. ایک وہ زمانہ تھے جب لوگ مطالعہ کواپنے نظام الاوقات کا اہم حصہ بناتے تھے. لیکن آج ہم سوشل سائٹوں میں کچھ اتنے مصروف ہو گئے ہیں کہ اب زندگی میں کوئی نظام الاوقات ہی نہ رہا. ہم موبائل اور لیپ ٹاپ پر کتنا وقت صرف کرتے ہیں ہمیں خود اندازہ نہیں. ان سب کا معاشرے پر سب سے منفی اثر جو پڑا وہ یہ کہ لوگ مطالعہ سے دور ہو گئے. عوام تو عوام اب علماء کو بھی شکایت ہے کہ مطالعہ کا وقت نہیں ملتا. حالانکہ شب وروز میں پہلے کی طرح آج بھی چوبیس گھنٹے ہی ہیں لیکن ان چوبیس میں ہم ایک گھنٹہ بھی پورے طور پر مطالعہ کو دینے کے لیے تیار نہیں.
عربی کے مشہور ادیب عباس محمود عقاد نے کہا تھا:
القراءة وحدها هي التي تعطي الإنسان الواحد اكثر من حياة واحدة، لأنّها تزيد الحياة عمقا وإن كانت لا تطيلها بمقدار الحساب.
"مطالعہ ہی واحد ایک ایسی چیز ہے جو ایک انسان کو ایک سے زیادہ زندگیاں عطا کرتی ہے. مطالعہ کے ذریعہ تعداد اور حساب کے اعتبار سے تو زندگی نہیں بڑھتی البتہ اس سے زندگی میں گہرائی اور گیرائی میں اضافہ ہوتا ہے."
آئیے مطالعہ کے چند اہم فوائد پر نظر ڈالتے ہیں:
1⃣مطالعہ ہمیں ہمارے وقت کا صحیح مصرف عطا کرتا ہے. فرصت کے اوقات صرف کرنے کا اس سے بہتر کوئی طریقہ نہیں ہو سکتا کہ ہم انہیں عمدہ کتابوں کے مطالعے میں صرف کریں.
2⃣ مطالعہ ہمیں ہم سے پہلے کے لوگوں کے تجربات سے آگاہ کرتا ہے. ہم مطالعے کے ذریعہ باشعور ہوتے ہیں اور زندگی میں بہت ساری لغزشوں سے خود کو بچاتے ہیں.
3⃣ مطالعہ ہمارے ذہن کو سکون فراہم کرتا ہے خصوصاً جب ہم ان کتابوں کا مطالعہ کریں جو ہمارے ذوق کے مطابق ہوں.
4⃣ مطالعہ ہمارے ذہن کو وسعت اور بالیدگی عطا کرتا ہے. فکری جمود کو توڑنے میں مطالعہ کا بہت اہم رول ہے. کثرت مطالعہ انسان کو تنگ نظری اور تعصب جیسی مہلک خصلتوں سے بچاتی ہے.
5⃣ مطالعہ سے یاد داشت مضبوط ہوتی ہے. بوداپن اور نسیان ختم ہوتا ہے.
6⃣ مطالعہ سے زبان پر گرفت مضبوط ہوتی ہے. تعبیر اور ادائیگی کا ہنر پیدا ہوتا ہے. لکھنے کا طریقہ آتا ہے اور زبان وادب کی غلطیوں سے انسان بچتا ہے.
7⃣ مطالعہ انسان کے اندر دور اندیشی پیدا کرتا ہے. عجلت پسندی اور جذباتیت کا مادہ ختم ہوتا ہے. چیزوں پر غور کرنے کے بعد کوئی حکم لگانے کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے.
مطالعہ کے اور بھی بہت سے فوائد ہیں. ہم اختصار کے پیش نظر اتنے پر ہی اکتفا کرتے ہیں
مطالعہ کے اتنے اہم فوائد پر مشتمل ہونے کے باوجود بھی اگر ہم خود کو مطالعے سے دور رکھیں تو اس سے بڑی بدنصیبی کیا ہوگی.
آئیے عزم کریں کہ ہم مطالعہ کو اپنی زندگی کا جزو لا ینفک بنائیں گے اور کچھ ہی سہی لیکن روزانہ مطالعہ کے لیے بھی ضرور وقت نکالیں گے ان شاء اللہ.
No comments:
Post a Comment